رام نگر31؍جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) وزیرا علیٰ کرناٹکا کمارا سوامی کے حلقۂ انتخاب رام نگر میں عید گاہ میدان کی زمین کو لے کر پیدا ہونے والا تنازعہ اب ہندو مسلم کشید گی میں بدل گیا ہے۔
ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق چن پٹن شہر کے بنگلورو میسورو ہائی وے پر واقع 2.10گنٹہ عیدگاہ میدان کی زمین اب دو قوموں کے بیچ تنازعے کا سبب بن گئی ہے۔ اور دونوں ہی فرقے اس پر اپنے حقوق کا دعویٰ کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ عید گاہ میدان کہلانے والی جگہ پر ہائی کورٹ کامپلیکس کی تعمیر ہوئی ہے او ر اس کا افتتاح وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں 2؍فروری کو ہونے والا ہے۔چونکہ بقیہ زمین پر ضلع انتظامیہ کی طرف سے عیدگاہ کمپاؤنڈ تعمیر نہیں کیا گیا اس لئے مسلم برادری کی طرف سے خود ہی یہاں کمپاؤنڈ تعمیر کرنے کی پہل کی گئی۔
اس موقع پر غیر مسلم برادری کے لوگ اس جگہ پر اپنا بھی حق ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کمپاؤنڈ کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لئے آگے بڑھے۔ پولیس نے مداخلت کی جس کے ساتھ ہی دو فرقوں کے درمیان زبانی جھڑپوں کی بھی واردات پیش آئی۔ غیر مسلم برادری کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس میدان میں سنکرانتی کے موقع پر بیلوں کی ریس کا پروگرام رکھا جاتا ہے اس لئے اس جگہ پر ان کا بھی حق بنتا ہے۔اس مطالبے کو لے کر غیرمسلموں نے بنگلورو میسورو ہائی وے کو روک کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول تو کیا مگر دونوں طرف سے ایک جگہ پر مطالبہ سامنے آنے سے امن و امان کی صورتحال بگڑنے کے آثار نظر آرہے ہیں۔